پشاور(بیورو چیف) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جہانگیر خان ترین نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔اس موقع پر ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے سی ای او اکبر خان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن خیبرپختونخوا کے حکام نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت ترین ایجوکیشن فائونڈیشن، ملک بھر میں جاری اپنے تعلیمی اقدامات کے تسلسل میں، اب خیبرپختونخوا کے طلباء و طالبات کے لیے بھی جدید، معیاری تعلیم اور ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کرے گی۔اس موقع پر جہانگیر خان ترین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کم آمدن والے طبقات کے بچوں کو مناسب تعلیمی سہولیات میسر نہیں، ایسے میں پاکستان کیسے ترقی کرسکتا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون جیسے علاقے میں بھی اسکولوں کی حالت دور دراز علاقوں جیسی ہے، جہاں کمپیوٹر بند پڑے ہیں۔اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ماڈل ٹائون کے اسکولوں میں کمپیوٹر لیبز کی فراہمی شروع کی گئی، جس کے بعد لاہور کے دس سے زائد اسکولوں اور کالجوں میں کمپیوٹر لیبز قائم کی جا چکی ہیں۔ اب ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے طلباء و طالبات کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔جہانگیر خان ترین نے بلوچستان میں تعلیمی منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ ہم نے اپنی ٹیم کو بلوچستان بھیجا جہاں ہمارا تعلیمی منصوبوں پر کام کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کی بیوروکریسی نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ ہم بلوچستان میں کالج قائم کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے زمین بھی دیکھی تھی، تاہم بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے خود رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی کہ کالج کے لیے زمین خود حکومت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اپنی استطاعت کے مطابق نوجوان نسل کو تعلیم کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کافی وسیع ہیں۔ ہمیں لوگوں کی بات سننی اور انہیں اپنی زندگی کو بہتر بنانے کا اختیار دینا چاہیے۔ موجودہ صوبے بہت بڑے ہیں، رحیم یار خان کا شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے لاہور نہیں آ سکتا۔ چھوٹے صوبوں کا قیام ایک بہترین آئیڈیا ہے اور اس پر جلد عمل ہونا چاہیے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جہانگیر خان ترین کی سماجی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں ترین ایجوکیشن فانڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، ایسے میں معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے نجی شعبے کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ترین ایجوکیشن فانڈیشن کے اقدامات کو تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔




