کراچی کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے

کراچی( بیورو چیف) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کو انتظامی اور مالی اختیارات دے دیے جائیں تو الگ صوبے کا مطالبہ خود بخود ختم ہوسکتا ہے، کراچی کے عوام کو آئینی حقوق اور وسائل سے محروم رکھا جارہا ہے، جبکہ سندھ حکومت گزشتہ 18 سال کے دوران ملنے والے وسائل کا حساب دے، غزہ میں شدید بارشوں اور سردی نے مظلوم فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، دو سے تین سال سے خیموں میں مقیم فلسطینیوں کی عارضی پناہ گاہیں بھی بوسیدہ ہوچکی ہیں، جبکہ 23 لاکھ آبادی کے لیے بنیادی انسانی ضروریات اور محفوظ رہائش کی سہولتیں تاحال دستیاب نہیں۔ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ میں تقریباً تمام عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور ہزاروں لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ ان کے بقول غزہ کا انسانی المیہ عالمی طاقتوں اور اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور امریکا اسے مسلسل اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے معاملے پر عالمی برادری کا دوہرا معیار سامنے آچکا ہے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کے بیشتر ممالک اسرائیل کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں، تاہم امریکا مؤثر قراردادوں کو ویٹو کردیتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، ملائیشیا اور قطر پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے معاملے پر مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے مسلم ممالک سے فلسطینیوں کے تحفظ اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے مشترکہ دفاعی حکمت عملی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور ذمہ دار ریاست ہے، اسے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ کشمیر کے مسئلے کو خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے عملی اور مؤثر سفارت کاری کی جائے۔ آزاد کشمیر کے معاملات پر ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے بجائے مذاکرات اور باہمی مشاورت سے مسائل حل کیے جانے چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں