فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ سپورٹس گالا طالب علموں میں خود اعتمادی،ٹیم ورک، نظم و ضبط اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل اور تفریح طلبا کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لئے بھی ضروری ہے۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل ماڈل کالج میں دو روزہ گرینڈ سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر سکولز سیل/ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان،پرنسپل ڈویژنل ماڈل کالج مرزا یاسین،دیگر اداروں کے پرنسپلز،اساتذہ،والدین اور طالبات شریک تھیں۔کمشنر نے سپورٹس گالا کے شاندار انعقاد پر سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ طالبات کو کھیلوں اور تفریحی ایونٹس میں شرکت کے یکساں مواقع فراہم کرنا احسن اقدام ہے۔انہوں نے طالبات کی طرف سے لگائے گئے مختلف سٹالز دیکھے اور گہری دلچسپی لیتے ہوئے مختلف اشیا کی تیاری کے حوالے سے دریافت کیا۔کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر کے پبلک سکولوں میں بوائز وگرلزکے مابین کھیلوں کے مقابلے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقل اور امیدوں کا مرکز ہیں۔سپورٹس گالا میں طالبات نے مختلف کھیلوں،ثقافتی پرفارمنسز اور تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔گالا میں فوڈ سٹالز، گیمز سٹالز،جمپنگ کیسل، ٹرین رائیڈ، سرکس، جھولے، مہندی سٹالز،فیس پینٹنگ،جیولری سٹالز سمیت متعدد تفریحی سرگرمیاں ہوئیں۔اس موقع پر طلبا نے ملی نغمے،ٹیبلوز اور ثقافتی پرفارمنسز بھی پیش کیں۔ والدین اور طلبا نے گالا کے شاندار انتظامات کو سراہا۔




