زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 29ویں کانووکیشن

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 29ویں کانووکیشن کا انعقاد ہوا۔ جس میں10,694 فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریا ں عطا کی گئیں۔ ان میں 151 پی ایچ ڈی، 2,383 ایم فل اور ایم ایس، 1,253 ایم ایس سی (آنرز)، ایم بی اے اور ایم کام جبکہ 6,907 بیچلرز کی ڈگریاں شامل ہیں۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 121 طلبہ میں سے 31 کو گولڈ، 65 کو سلور اور 25 کو برونز میڈلز بھی دیئے گئے۔ گورنر پنجاب کے نامزد نمائندے کی حیثیت سے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ فارغ التحصیل طلبہ سے توقع ہے کہ وہ قومی ترقی، بالخصوص زراعت، غذائی تحفظ، تحقیق، ٹیکنالوجی اور دیہی خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ان کی کامیابی برسوں کی محنت اور والدین و اساتذہ کی قربانیوں کا ثمر ہے جبکہ ڈگریاں معاشرے کی خدمت کی ذمہ داری بھی عائد کرتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملازمت تلاش کرنے والوں کے بجائے روزگار فراہم کرنے والے بنیں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی زراعت، کاروباری سرگرمیوں اور جدید زرعی طریقوں کو فروغ دیں۔ زراعت میں پریسیژن فارمنگ، بائیوٹیکنالوجی، اسمارٹ آبپاشی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کا تدریسی و تحقیقی کمپیوٹنگ مرکز ڈیجیٹل زراعت، جدید تحقیق اور ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی کو مضبوط بنائے گا، جس سے فصلوں کی پیداوار اور غذائی تحفظ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے جامعات، تحقیقی اداروں اور محکمہ توسیع زراعت کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سائنسی تحقیق و جدت کو کسانوں کے لیے عملی حل میں تبدیل کرنے، زرعی آمدن بڑھانے اور غذائی قلت و غذائیت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ جامعہ زرعیہ کو زرعی تعلیم و تحقیق کا ایک ممتاز ادارہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں پانچ بین الاقوامی مراکز قائم ہیں اور دنیا بھر کے اداروں کے ساتھ مضبوط روابط کے ذریعے علمی تبادلے اور مشترکہ تحقیق کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ کنٹرولر امتحانات محمد طارق نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا جبکہ غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر خالد محمود نے پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے ہمراہ طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ تقریب میں ڈینز اور رجسٹرار بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں