فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد کی فائرنگ سے مخالف قتل، ٹریفک حادثہ میں نوجوان جاں بحق، چارہ کاٹتے مشین کی زد میں آ کر محنت کش چل بسا، قاتلانہ حملوں میں 2افراد لہولہان ، جبکہ چالاک ملزمان نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 8شہریوں سے5کروڑ ہتھیا لیے، پولیس مصروف تفتیش ہے۔تفصیل کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ73ر۔ب میں پرانی دشمنی کا بدلہ لینے کی خاطر مسلح ملزمان مقبول حیدر، شکور وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مخالف سید امیر شاہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی، تھانہ صدر کے علاقہ جڑانوالہ روڈ 215ر۔ب کے قریب تیز رفتار رکشہ نے پیدل سڑک عبور کرنے والے نوجوان عبدالرحمن کو ٹکر مار دی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ مدینہ ٹائون کے علاقہ208چک میں چارہ کاٹتے ہوئے ہاتھ چارہ مشین آنے سے محنت کش سلیم جعفر ولد جعفر بری طرح زخمی ہو گیا ، جسے ہسپتال لایا گیا جہاںپر وہ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا،تھانہ مرید والا کے علاقہ میں لڑائی جھگڑے کے دوران ملزمان طیب وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالف عامر سہیل اور مجاہد کو بری طرح زخمی کر دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، مضروبان کو ہسپتال منتقل کر دیا، علاوہ ازیں ملت ٹائون کے رہائشی سرور نے سرگودھا روڈ پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ ملزم ذیشان نے پراپرٹی خرید نے کیلئے1کروڑ35لاکھ کی رقم لے اڑا، نشاط آباد کے غلام مجتبیٰ نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم خرم شہزاد نے کاروبار کیلئے سوا کروڑ کی رقم لیکر واپس نہ کی، نڑ والا روڈ کے ناصر عباس نے بتایا کہ ملزم احمد رضا نے 50لاکھ کی رقم ادھار لیکر واپس نہ کی، فیکٹری ایریا کی تاجر ارشد کا کہنا ہے کہ ملزم اسحاق نے 62لاکھ کا مال لیکر بدلے میں جعلی چیک تھما دیا، اچکیرہ کے اشرف سے ملزم بشیر احمد نے 25لاکھ، جھنگ روڈ کے عمر ساجد ملزم یٰسین 25لاکھ، مانانوالہ کے عادل خان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ظہور وغیرہ نے ساڑھے 21لاکھ، جھنگ روڈ کے عبدالرحمن سے ملزم حسین نے 12لاکھ کی رقم لیکر بدلے میں چیک دیئے جو کہ جعلی نکلے۔




