سیکرٹری سکول ایجوکیشن وسیمہ عمر کی زیرِ صدارت اجلاس

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے بورڈ امتحانات کی تیاری بہتر بنانے کے لیے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں جماعت نہم و دہم کے دسمبر2026، جنوری اور فروری2027 میں مکمل نصاب پر مشتمل تین جامع Mock امتحانات منعقد کرانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب صاحبزادی وسیمہ عمر کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی بورڈز سکولوں کو ماڈل پیپرز اور مارکنگ اسکیم فراہم کریں گے، جبکہ طلبہ کی تیاری کے لیے PECTAA ڈیجیٹل آئٹم بینک بھی مہیا کرے گا۔ امتحانی پرچوں میں آسان، درمیانے اور مشکل سوالات کی شرح بالترتیب 50، 30 اور 20 فیصد ہوگی۔اجلاس میں پہلے سالانہ امتحانات 2027 سے جماعت نہم تا بارہویں کے پانچ سائنسی مضامین میں آن اسکرین مارکنگ، امتحانی نظام کو نادرا ڈیٹا سے منسلک کرنے اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے امتحانی مراکز کی نگرانی سمیت جدید ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرانے کے منصوبے پر بھی پیش رفت کی گئی۔ تمام سی ای اوز، ڈی ای اوز اور سربراہانِ ادارہ کو ہدایات پر موثر عمل درآمد اور طلبہ کے نتائج بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں