نجی تعلیمی اداروں میں اساتذہ ،ملازمین کی بھرتی ،سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے نجی تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی بھرتی سے قبل کریکٹر ویری فکیشن، پولیس ویری فکیشن اور سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار دے دی ہے۔ اس حوالے سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔نجی سکولوں میں تدریسی عملے، کلاس فور ملازمین، ڈرائیورز، سکیورٹی گارڈز، چوکیداروں اور دیگر تمام غیر تدریسی ملازمین کی تقرری سے قبل متعلقہ پولیس یا مجاز اتھارٹی سے کریکٹر اور بیک گرائونڈ ویری فکیشن حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ طلبہ سے براہ راست رابطے اور ڈیوٹی سرانجام دینے والے کسی بھی ملازم کو کریکٹر ویری فکیشن کے بغیر ذمہ داریاں تفویض نہیں کی جا سکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد بچوں کو محفوظ اور تحفظ فراہم کرنے والا تعلیمی ماحول مہیا کرنا، طلبہ کو ہراسانی سے بچانا اور ان کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔ تمام اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع کے نجی سکولوں کے سربراہان اور مالکان کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں