فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی مایوس کن کارکردگی’ پنجاب میں دسواں نمبر’ چھو ٹے اضلاع کے ڈی سی بازی لے گئے۔ تفصیلا ت کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کی جاری کردہ کارکردگی رینکنگ کے مطابق فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کا دسواں نمبر ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا پہلا’ مظفرگڑھ کا دوسرا’ جھنگ کا تیسرا’ لودھراں کا چوتھا اور اوکاڑہ کا پانچواں نمبر ہے۔ فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا اور صنعتی شہر ہے اس کو دیگر اضلاع کے مقابلہ میں فنڈز بھی زیادہ ملتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا اس ضلع پر فوکس بھی زیادہ ہے ان کی جانب سے فیصل آباد میں میٹروبس جیسے بڑے بڑے پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں مگر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی سرگودھا اور مظفرگڑھ جیسے پسماندہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے مقابلہ میں رینکنگ میں کمی ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا انتظامی کارکردگی’ گورننس اور سروس ڈلیوری میں نمایاں پوزیشن حاصل نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہو گی۔ ورنہ ملک کا تیسرا بڑا شہر ترقی کی دوڑ میں پنجاب کے دیگر اضلاع سے پیچھے رہ جائیگا، جس کا نقصان فیصل آباد کے عوام کو ہو گا۔




