فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) نے فیصل آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران آئندہ منعقد ہونے والی ایف سی سی آئی ایکسپو 2026کے انعقادکا باضابطہ اعلان کیا ۔ اس تقریب میں شہر بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، صنعت کاروں، کاروبار ی افراد (انٹرپرینیورز) اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ایف سی سی آئی ایکسپو 2026کے ٹائٹل اسپانسر کی حیثیت سے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے پاکستان کی نمایاں کاروباری نمائشوں میں سے ایک کے انعقاد کے لیے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف سی سی آئی) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ ایکسپو کی مرکزی تقریب 24سے 26جولائی 2026تک لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب کے دوران ایکسپو کا باضابطہ تعارف کرایا گیا، جس میں کاروباری روابط کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری شعبے کے باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔تقریبِ رونمائی میں فیصل آباد کی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والی تقریباً 150ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ تقریب پاکستان کے صنعتی اور تجارتی منظرنامے کو درپیش مواقع اور چیلنجز پر بامعنی تبادل خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔اس شراکت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کی ہیڈ آف ویلتھ اینڈ ریٹیل بینکنگ، سعدیہ ریاض نے کہا،پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار اس کے باہمت کاروباری افراد اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی کامیابی پر ہے۔ ایسے پلیٹ فارمز تشکیل دینا، جو کاروباری اداروں کو وسعت پذیر مواقع سے جوڑیں، ملک کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ ایف سی سی آئی ایکسپو 2026اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے، جو نجی شعبے کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے جدت کو اجاگر کرنے اور ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کو ایسے پلیٹ فارم کی معاونت پر خوشی ہے، جو پاکستان کی کاروباری برادری کے عزم اور جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ بینک کاروباری ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے عالمی نیٹ ورک سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی کاروباری اداروں کو بین الاقوامی مواقع سے جوڑنے کے لیے بھی سرگرمِ عمل ہے۔




