فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں انجمن تاجران لبریکینٹس ایسوسی ایشن کی کور کمیٹی کا ماہانہ اجلاس صدر دوست محمد خان کی صدارت میں ہوا’ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک امین پرویز’ جنرل سیکرٹری حاجی محمد انعام’ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری میاں ریحان’نائب صدر تنویر گجر’ سیکرٹری انفارمیشن آصف محمود’ فنانس سیکرٹری مرزا آصف’ ممبران میاں عثمان’ شاہد احسان’ صفدر علی’ محمد یعقوب اور طلحہ احمد’ احمد مدنی نے شرکت کی’ لبریکینٹس ایسوسی ایشن کے صدر دوست محمد خان سابق صدر ملک امین پرویز ‘ جنرل سیکرٹری حاجی محمد انعام و دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں’ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے عوام کو جیتے جی مار دیا ہے’ لبریکینٹس ایسوسی ایشن پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتی ہے اور حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے’ حکومت پہلے ہی بجٹ میں انکم ٹیکس’ جنرل سیلز ٹیکس’ کیپیٹل ویلیو ٹیکس’ سنٹرل سیلز ٹیکس’ سروس ٹیکس’ فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس’ پیٹرول لیوی ٹیکس’ ایکس ڈیوٹی’ کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ ہوشربا ٹیکس عائد کر چکی ہے مگر ابھی بھی اس کا من نہیں بھرا اور غریب عوام کو کچومر نکالنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کر کے عام آدمی سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لینا چاہتی ہے’ انہوں نے کہا کہ سسکتی عوام کا اور کتنا خون نچوڑنا باقی ہے’ مقررین نے کہا کہ آخری سانسیں لیتی ہوئی عوام پر کچھ رحم کھایا جائے اور انہیں شارٹ ٹرم پالیسیاں بنا کر ریلیف پہنچایا جائے تاکہ وہ بھی سکھ کا سانس لے سکیں’ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں پیٹرولیم مصنوعات میں اسے بڑے اضافے کو واپس لیا جائے اور مہنگائی میں غوطے کھاتی عوام کو مزید مہنگائی کی آگ میں نہ جھونکا جائے۔




