فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابدکی قیادت میںوفد نے ڈی ایس پی ٹریفک ارم ناز سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر کرنے اور ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع کا اظہار کیا گیا کہ ٹریفک کے بہائو کو بہتر کرنے کیلئے اور زیادہ محنت اور لگن سے کام کیا جائے گا ‘ وفد میں FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے ممبر چوہدری الطاف رحمانی’ رانا اکرام اللہ خاں’ آفتاب بٹ’ غلام مصطفی کمال شامل تھے’ حاجی محمد عابد اور سٹینڈنگ کمیٹی کے دیگر ممبران نے ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے تاجروں اور شہریوں کو درپیش ٹریفک کے مسائل کی نشاندہی بھی کی’ انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک محترمہ ارم ناز کو بتایا کہ شہر میں غیرقانونی پارکنگ نے شہر کی شاہراہوں کا حسن تباہ کیا ہوا ہے’ڈسٹرکٹ بار کے چاروں اطراف’ سرکلر روڈ’ پریس کلب روڈ ‘ بیرون پوسٹ آفس اسی طرح دیگر سڑکوں سے گذرنا مشکل ہو گیا ہے’ اگر ان سڑکوں پر پارکنگ کے نظام کو بہتر کر دیا جائے تو شہریوں کو بے پناہ سہولت مل سکتی ہے’ اس موقع پر انہوں نے سی ٹی او ناصر جاوید رانا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام میں بہتری نظر آ رہی ہے’ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہننا شروع کر دیا ہے اور سیف سٹی کے کیمرے ایکٹیو ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی خلاف ورزی میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے مگر اس میں اب بھی بہتری کی گنجائش ہے’اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک محترمہ ارم ناز نے حاجی محمد عابد کی قیادت میں آنے والے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنا ناممکن ہے’ فیصل آباد کے شہری باشعور ہیں انہیں آگاہی کی ضرورت تھی جو ہم نے انہیں فراہم کی ہے’ انشاء اللہ سی ٹی او ناصر جاوید راناکی قیادت میں ٹریفک کے شعبہ میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔




