FDAون ونڈو کاؤنٹر کے ذریعے 3ماہ میں316درخواستگزاروں کو ریلیف فراہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے گزشتہ تین ماہ کے دوران مجموعی طور پر 316درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 53درخواستیں مختلف شعبوں میں زیر کارروائی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینیئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھ،عاصم محمود، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز عدنان شہزاد، افضال انصاری، اقرا مرتضیٰ، عبداللہ نور، فاران صدیقی و دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلقہ 221درخواستوں پر محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی جبکہ ٹائون پلاننگ ٹو کی 46 درخواستوں، شعبہ ٹائون پلاننگ ون کی 34 اور کچی آبادیوں کے بارے میں موصول ہونے والی 15 درخواستوں کو نمٹایا گیا۔ جن امور کے بارے میں ریلیف فراہم کیا گیا ان میں جائیدادوں کی منتقلی، وراثتی انتقالات، اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس، تکمیلی سرٹیفکیٹس، قبضہ سلپ اور مختلف این او سی کے اجرا سمیت عدالتی ڈگریوں کی تعمیل، کمرشلائزیشن اور ہاسنگ سکیموں کی منظوری سے متعلق درخواستیں شامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ”ای بز پنجاب” پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے اس سلسلے میں خصوصی طور پر قائم ہیلپ ڈیسک ہمہ وقت فعال ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کوئی بھی درخواست بلا جواز زیر التوا نہیں رہنی چاہیے اور ای بز پنجاب پورٹل پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید اصلاحات کے تحت آن لائن محکمانہ سروسز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مختلف شعبوں کے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ وہ سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور غفلت شعار یا فرائض سے پہلو تہی کرنے والے سٹاف کا فوری محاسبہ کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ محکمانہ سروسز کی فراہمی میں لیت لعل یا تاخیر کے حوالے سے اگر شکایت موصول ہوئی تو افسران سمیت متعلقہ سٹاف کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں