فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے سرگودھا روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی، ان کے دفاتر کو سربمہر کردیا گیا جبکہ وہاں موجود سامان اٹھا کر قبضہ میں لیکر ڈویلپرز کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوادیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ٹو اسما محسن کی زیر نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ احمد ایوب، بلڈنگ انسپکٹرز کلیم اللہ، اسلم انصاری ودیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے سرگودھا روڈ پر انسپکشن کرتے ہوئے چک نمبر122ج ب کی اراضی پر خیابان گارڈن حسن بلاک ایکسٹینشن اور گرینڈ ویو سٹی کے ناموں سے منظوری کے بغیر قائم کی جانیوالی دو ہائوسنگ سکیموں کے دفاترکو سیل کر دیا اور دفتری سامان کو قبضہ لیکر ڈویلپرز کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ڈویلپرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ بلامنظوری ہائوسنگ سکیموں کے قیام سے باز رہیں بصورت دیگر مزید خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں تاکہ بعد میں انہیں کسی مسئلے پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




