FDAکے ملکیتی مختلف علاقوںمیں دستیاب رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے ملکیتی مختلف علاقوں میں دستیاب متعدد رہائشی و کمرشل پلاٹس کو شفاف اور اوپن نیلام عام کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دستیاب پلاٹس کی مکمل تفصیلات، نیلامی کی شرائط و ضوابط اور نیلامی کے لیے مقررہ تاریخ سے جلد عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ اس امر کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں ایف ڈی اے کی رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں دستیاب پلاٹس کی تفصیلات، موجودہ صورتحال اور مجوزہ نیلامی کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے کی ملکیتی جائیدادوں اور پلاٹس کو شفاف طریقہ کار کے تحت بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کے مالی وسائل میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ انتظامی و ترقیاتی سرگرمیوں کو وسعت دی جس سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیلامی کے لئے منتخب رہائشی و کمرشل پلاٹس کا ریکارڈ مکمل طور پر مرتب کیا جائے اور ہر پلاٹ کی ملکیت، محل وقوع، رقبہ، نوعیت اور دیگر متعلقہ کوائف کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد نیلامی کا عمل آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا ایف ڈی اے کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ دستیاب اراضی کے موثر استعمال اور شہری ترقی کے عمل کو تقویت دینا بھی اس اقدام کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پلاٹس کی تفصیلات اور نیلامی سے متعلق تمام معلومات بروقت مرتب کرکے مشتہر کی جائیں تاکہ خواہشمند شہری اور سرمایہ کار مقررہ طریقہ کار کے مطابق نیلامی میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے میں مالی و انتظامی معاملات میں شفافیت، میرٹ اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور تمام امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں دستیاب پلاٹس کے ریکارڈ، نیلامی کے انتظامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں