FDAکے ون ونڈو کاؤنٹر سے10ماہ میں2187درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے گزشتہ 10ماہ کے دوران مجموعی طور پر 2187درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا جن میں ماہ اکتوبر میں نپٹائی گئی 130مختلف درخواستیں بھی شامل ہیں جبکہ 66درخواستیں مختلف شعبوں میں زیر کارروا ئی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ون ونڈو کائونٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائر یکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج ، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی/ انچارج ون ونڈو کائونٹر عبداللہ نور و دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ جنوری سے اکتوبر 2025 تک 1213 درخواست گزاروں کو شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلق تیز رفتار سروسز فراہم کی گئیں جبکہ ٹائون پلاننگ ون کے امور کے بارے میں 706 درخواستیں نمٹائی گئیں۔ شعبہ ٹائون پلاننگ ٹو کے حوالے سے شہریوں کی 203 درخواستوں پر محکمانہ سروسز فراہم کی گئیں۔ اسی عرصہ کے دوران کچی آبادیوں کے امور کے بارے میں 65 درخواستوں پر محکمانہ کارروائی مکمل کی گئی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ون ونڈو کائونٹر کے ذریعے تیز رفتار ریلیف کے حوالے سے جو سروسز فراہم کی گئیں ان میں رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلان و کمرشلائزیشن کی منظوری، جائید ادوں کی منتقلی، اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیس، ٹی پی رپورٹس، قبضہ سلپ، عمارتوں کے تعمیر کے تکمیلی سرٹیفکیٹس اور مختلف این اوسی کے اجرا سمیت قبضہ مافیا، تجاوزات، غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف عوامی شکایات پر محکمانہ کارروائی اور دیگر نوعیت کی درخواستیں شامل ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ون ونڈو کائونٹر کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی سروس ڈیلیوری کی رفتار مزید بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اصلاحات پر ذمہ داری سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اونر شپ سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجرا اور ای چالان سسٹم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن سسٹم کے ذریعے درخواست گزاروں کو سروسز کی گھروں تک رسائی دینے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اقدامات کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے تمام شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ ماتحت سٹاف کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں اور شہریوں کی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی روزانہ پڑتال کریں تاکہ کوئی درخواست/ فائل بلاجواز زیر التوا نہ رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں