FIAکا چھاپہ،ٹرانسفارمر مرمت کرتے ورکشاپ کے مالک سمیت3ملزم گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے فیصل آباد زون نے فیسکو کی تکنیکی ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کر سرکاری ٹرانسفارمرز کی چوری، خرد برد اور غیر قانونی مرمت میں ملوث ایک منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ چھاپے کے دوران ورکشاپ کے مالک سمیت 3ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا تانبا اور بھاری مشینری قبضے میں لے لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کے احکامات اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی براہِ راست نگرانی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے فیسکو کی تکنیکی ٹیم کے ہمراہ نواب ٹائون، 225ر-ب ملکھانوالہ میں واقع ایک نجی ورکشاپ پر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ورکشاپ کے مالک عابد رفیق اور دو ٹیکنیشنز کاشف علی اور عامر مجید کو سرکاری فیسکو ٹرانسفارمرز کو غیر قانونی طور پر کھولتے، ان سے قیمتی تانبے کی وائنڈنگ نکالتے اور غیر مجاز مرمت کرتے ہوئے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق چھاپے کے دوران مختلف صلاحیت (کیپیسٹی) کے 10عدد فیسکو ٹرانسفارمرز، لاکھوں روپے مالیت کی تانبے کی تاریں، ٹرانسفارمر آئل، گیس سلنڈرز، ویلڈنگ پلانٹس، گرائنڈرز اور دیگر بھاری مشینری برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ فیسکو کے بعض اہلکار بھی اس گھنائونے کاروبار میں ان کے ساتھ شریکِ جرم تھے۔ محکمہ فیسکو کے ملازمین خراب یا تبدیل شدہ سرکاری ٹرانسفارمرز کو غیر قانونی طور پر اس نجی ورکشاپ تک پہنچاتے تھے، جہاں سے قیمتی تانبا نکال کر مارکیٹ میں بیچا جاتا تھا اور اس طرح قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف جرم ثابت ہونے پر دفعہ سو409تعزیراتِ پاکستان (PPC)بمعہ سیکشن 5(2) انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں فیسکو کے متعدد ملازمین کو بھی نامزد کیا گیا ہے، اور گروہ کے دیگر ملوث ارکان کی گرفتاری اور مزید ریکوری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں