فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جی سی وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون میں آگ بجھانے کے آلات نہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا’ جس میں لاکھوں روپے مالیت کی یونیورسٹی کی بس اور طالبات کی 7 الیکٹرک سکوٹیز جل گئیں، شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب اور یونیورسٹی انتظامیہ کو چاہیے کہ حادثات سے بچنے کیلئے آگ بجھانے والے آلات اور عملہ کو ٹریننگ دلوائی جائے تاکہ آئندہ کوئی حادثہ پیش نہ آ سکے۔ تفصیل کے مطابق گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون کے شیڈ کے نیچے بس کھڑی تھی اور ساتھ ہی طالبات نے الیکٹرک سکوٹیز کھڑی کر کے چارج پر لگا رکھی تھیں۔ ذرائع کے مطابق جب چارجنگ کے دوران الیکٹرک سکوٹی کو آگ لگی تو وہاں سے گزرنے والی طالبات نے وہاں پر موجود یونیورسٹی عملہ کو آگاہ کرتے ہوئے ویڈیو بنائی، تاہم آگ بجھانے کے آلات نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی عملہ نے طالبات سے قریبی جگہ خالی کروالی، تاہم دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے بس اور قریب کھڑی سات الیکٹرک سکوٹیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تاہم ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر اتنے بڑے ادارے کے پاس آگ بجھانے کے آلات اور تربیت یافتہ عملہ ہوتا تو آگ پر قابو پایا جا سکتا تھا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں بھی آگ بجھانے کے آلات فراہم کئے جائیں اور عملہ کو تربیت دی جائے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔




