اسلام آباد (بیوروچیف) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی اصلاحات میں پیش رفت کو سراہا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی پروگرام پر مثر عملدرآمد کے باعث معاشی استحکام برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط معاشی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ گہری ساختی اصلاحات کا تسلسل معاشی ترقی کو برقرار رکھنے اور عوامی فلاح و بہبود بہتر بنانے کے لیے اہم ہوگا۔یہ ریمارکس پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں اور ذمہ دارانہ معاشی پالیسی سازی کے ذریعے استحکام برقرار رکھنے کے عزم پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔




