فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رضاآباد پولیس نے خود کو صحافی ظاہر کر کے دکانداروں سے بھتہ وصول کرنے اور تجاوزات کیخلاف آپریشن نہ روکنے پر میونسپل کارپوریشن انکروچمنٹ عملہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں خرم شہزاد’ سجاول وغیرہ سات افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق میونسپل کارپوریشن فیصل آباد ریگولیشن برانچ کے انفورسمنٹ انسپکٹر مسعود رفیق نے رضاآباد پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ وہ عملہ کے ہمراہ رضاآباد میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پہنچا تو ملزم خرم شہزاد’ سجاول وغیرہ اپنے پانچ نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ آئے اور خود کو میڈیا پرسن بتایا اور ٹرک کو روک کر سرکاری کام میں مداخلت کرتے ہوئے رضاآباد چوک میں کارروائی نہ کرنے کا کہا، جو کہ صحافی بن کر لوگوں کو ڈرا دھمکا کر بھتہ خوری کی ڈیمانڈ کرتے ہیں اور غیر قانونی تجاوزات کر کے کارروائی سے بچانے کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ انفورسمنٹ انسپکٹر نے منع کیا تو انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے عملہ پر حملہ کر دیا، تیز دھار آلے سے اس پر وار کیا اس کا سر پھٹ گیا، ریسکیو15 پر کال کی پولیس کے آنے پر موقع سے فرار ہو گئے۔ تاہم رضاآباد پولیس نے زیردفعہ 353، 186، 189، 337، 148، 149 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔




