فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ملت روڈ حق باہو چوک میں سیٹلڈ ہونے والی ڈرینج اور سیوریج لائنوں کی مرمت کیلئے 24گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیدی اور واضح کیا ہے کہ اس کے بعد سیوریج آپریشنز مکمل بحال کر دئیے جائیں گے۔انہوں نے ملت روڈ حق باہو چوک میں سائٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ڈاکٹر عثمان لطیف اور ڈائریکٹر ڈرینج ڈویژن شہباز لطیف بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ واسا انجینئرز نے دن رات کام کرتے ہوئے ڈرینج لائن اور سیوریج لائن کی مرمت کا مشکل کام ریکارڈ وقت میں مکمل کیا ہے اور یہ واسا افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 24 گھنٹوں کے بعد چباں روڈ، اسلامیہ پارک، خدیجہ محمود ٹرسٹ ہسپتال روڈ، طارق آباد اور نگہبانپورہ سمیت دیگر ملحقہ علاقوں کے سیوریج آپریشنز مکمل طور پر بحال کر جائیں گے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ مذکورہ علاقوں کو سیوریج آپریشنز میں عارضی ریلیف دیا گیا تھا جس کے لئے ڈی واٹر سیٹس، پیٹر انجن، سکر مشینیں استعمال کی گئی ہیں۔ سیٹلڈ لائنز کی مرمت اور بحالی کے دوران متعلقہ علاقوں کے مکینوں کی جانب سے تعاون پر واسا انتظامیہ ان کے مشکور ہیں اور صارفین کا اعتماد ہی واسا فیصل آباد کی کامیابی کی ضمانت ہے۔




