اسلام آباد (بیورو چیف)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر، محفوظ اور صارف دوست بنانے کیلئے پی ٹی اے سی ایم ایس موبائل ایپ کا جدید ورژن متعارف کرا دیا ہے، جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں صارفین کیلئے دستیاب ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین ٹیلی کام سے متعلق اپنی شکایات باآسانی درج کرانے کے ساتھ ساتھ ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ رہ سکیں گے۔ایپ کے جدید ورڑن میں او ٹی پی پر مبنی ملٹی فیکٹر تصدیق، شکایات کی مؤثر جانچ پڑتال، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت اور بہتر سیشن مینجمنٹ سمیت متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، موبائل نمبرز سے منسلک مشتبہ فراڈ کی سرگرمیوں کی اطلاع کے لیے ایک نیا ماڈیول بھی اس میں شامل گیا ہے،یہ اقدام صارفین کی شکایات کے ازالے کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ٹیلی کام صارفین کو زیادہ محفوظ، مؤثر اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے پی ٹی اے کے عزم کا عکاس ہے۔




