لاہور(بیوروچیف) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے کیے جارہے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق5اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے ہر حلقے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، اور اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز و تنظیمی عہدیداران کو بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ادھر پارٹی کا دعویٰ ہے کہ احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس نے لاہور سے 300سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے اور رہنمائوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی رائٹ فورس کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ اہم سرکاری عمارتوں اور مرکزی شاہراہوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اگر مرکزی پاور شو ممکن نہ ہوا تو حلقہ وار احتجاجی مظاہرے ہی کیے جائیں گے۔دریں ثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آج 5اگست کو ممکنہ احتجاج پر ضلعی پولیس نے عدالتوں سے سزا پانے والوں سمیت دیگر پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سمیت تنظیمی عہدیداروں کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا جبکہ سرکردہ عہدیدار پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے۔ جبکہ ضلعی پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے مختلف چوکوں اور اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی تاکہ ممکنہ احتجاج کو روکا جا سکے۔ تفصیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر آج 5اگست کو ملک بھر میں احتجاج کی کال پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ’ ضلعی پولیس نے ڈجکوٹ کے علاقہ 261 رب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سجاد رندھاوا کے ڈیرہ پر چھاپہ مار کر اس کے دو بھائیوں کاشف رندھاوا’ کنول رندھاوا کو حراست میں لے لیا۔ اسطرح پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے تنظیمی عہدیداروں کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپے مارے۔ تاہم وہاں پر بعض ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا۔




