فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ بچیانہ سب انسپکٹر سہیل اسلم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اندھے قتل کا سراغ لگا لیا’ دوست ہی دوست کے قاتل نکلے، پولیس نے تین ملزمان نعمان’ مہتاب اور نور نبی کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو انہوں نے اعتراف جرم کر لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بچیانہ کے علاقہ562 گ ب کے رہائشی نصیب احمد نے بتایا کہ 17مارچ 2026ء کی شب اس کا جواں سالہ بیٹا غلام فرید گھر سے سودا سلف لینے نکلا واپس نہ آیا۔ اہل خانہ تلاش کرتے رہے۔ تاہم پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا اور چند روز بعد 24 مارچ کو 563 گ ب کے کھیتوں سے اسکی نعش ملی تھی۔ تاہم ایس ایچ او سہیل اسلم نے شک ہونے پر اس کے دوستوں نعمان’ مہتاب اور نور نبی کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پلاٹ پر قبضہ کے جھگڑے پر دوست غلام فرید کو قتل کر کے مخالفین پر قتل کا مقدمہ درج کروانا چاہتے تھے جس پر اندھا قتل ٹریس کرنے پر سی پی او نے ایس ایچ او اور اسکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




