سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے ہمیں اجتماعی جہدوجہد کرنا ہوگی۔ سرگودہا کے گرین کور میں اضافہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے، اس حوالہ سے جامع حکمت عملی کے تحت مصروف عمل رہیں گے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے سیٹلائٹ ٹائون کے بلاک سی میں نئے بنائے جانے والے جناح پارک کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ کمشنر نے کہا کہ حکومتی احکامات کے مطابق سرگودہا کے سرکاری محکمے بھرپور متحرک اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت مصروف عمل ہیں۔ سرگودہا کے گرین کور میں اضافہ کے حوالہ سے نئے پارکس کا قیام خوش آئند و نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاک 32 میں بھی پارک کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ اہل سرگودھا کو تفریحی کے صحمندانہ مواقع میسر آسکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس پی ایچ اے شفیق الرحمٰن نے انہیں پارک کے قیام کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ افتتاحی تقریب میں اے ڈی سی جی و سی ایم سی عمر فاروق، اے ڈی سی آر فہد محمود، ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبد الرزاق ڈھلوں و علاقہ معززین بھی موجود تھے۔ کمشنر نے پارکس اور گرین بیلٹس کے قیام اور تزئین و آرائش کے حوالہ سے جاری کاوشوں کو سراہتے ہوئے جاری منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے ہدایات جاری کیں۔ تقریب کا اختتام ملک و قوم کی بقاء و سلامتی کی دعا پر ہوا۔




