فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا حکام کی نااہلی’ غفلت اور لاپرواہی کے سبب مقبول روڈ پر فیکٹریوں اور ملوں کے تیزابی اور کیمیکل زدہ گٹروں کے تعفن زدہ پانی نے تباہی مچا دی، فیض بٹالوی روڈ سمندری روڈ تا پیپلزکالونی حسینیہ چوک تک روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار’ لوگوں کا گزرنا محال’ لڑائی جھگڑے اور ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا، محکمہ واسا کے افسران واہلکاران نے مبینہ طور پر نذرانے لیکر پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تفصیل کے مطابق سٹی ناظم چوہدری ممتاز علی چیمہ (مرحوم) نے اپنے دور میں مقبول روڈ ستیانہ روڈ چیزاپ سٹور سے انور خان بلوچ (مرحوم) کی رہائش گاہ تک لینٹر والی سڑک تعمیر کروائی اور پانی کے انخلاء کے لیے روڈ کے ساتھ ساتھ نالہ بنوایا تھا، گزشتہ برس محکمہ سوئی گیس اور واسا نے پائپ ڈالنے کیلئے لینٹر والی سڑک کو توڑ کر ٹھیکیدار نے سینکڑوں من سریا نکال کر لے گئے اور ابھی تک گڑھوں کو مکمل نہ کیا جا سکا۔ مقبول روڈ پر فیکٹریوں’ ملوں اور کارخانوں سے نکلنے والے تیزابی وکیمیکل زدہ پانی ہمہ وقت جگہ جگہ کھڑا رہتا ہے جسکی وجہ سے ستیانہ روڈ سے تن زیب چوک تک روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور سیوریج کے گندے اور کیمیکل زدہ پانی سے لوگوں کا گزرنا دشوار ہو چکا ہے جبکہ فیکٹریوں اور ملوں نے سڑک پر لکڑیاں’ تکے اور دیگر سامان رکھ کر روڈ بلاک کر رکھی ہے اور ٹریفک کا بلاک رہنا معمول بن چکا ہے جبکہ فیض بٹالوی روڈ سمندری روڈ سے پیپلزکالونی نمبر2 حسینیہ چوک تک سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے گزرنے والی گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سید علی عباس بخاری اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبول روڈ سے سیوریج سسٹم کو درست کروایا جائے اور عرصہ دراز سے سڑک کو توڑنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ فیض بٹالوی روڈ پر جلدازجلد پیچ ورک کروایا جائے تاکہ مذکورہ سڑکوں سے گزرنے والے شہریوں کو آسانی پیدا ہو۔
