فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی این ایف کی بڑی کارروائی، موٹروے پر 376کلو گرام چرس اسمگلنگ کی کوشش ناکام’ فیصل آباد کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) فیصل آباد نے موٹروے پر منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔ ذرائع کے مطابق مصدقہ خفیہ اطلاع پر سی این ایف کی سی این آئی یو اور این سی ایس ٹیموں نے 29اپریل 2026کی رات امین پور انٹرچینج کے قریب کامیاب کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران منشیات اسمگلروں نے سی این ایف اہلکاروں پر. فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں سرکاری گاڑی کا ٹائر بریسٹ ہو گیا۔ تاہم ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی Toyota Fortuner(رجسٹریشن نمبر AEF-777) موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ سی این ایف حکام کے مطابق گاڑی کی تلاشی کے دوران 314پیکٹوں میں چھپائی گئی، 376کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی، جبکہ گاڑی کو بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مقابلے کے دوران کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی، تاہم فرار ہونے والے اسمگلروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ادارہ پرعزم ہے اور ملک بھر میں منشیات نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔




