ڈیلس (سپورٹس نیوز) مصر کے اسٹار فٹبالر اور کپتان محمد صلاح نے آسٹریلیا کے خلاف فتح کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کے پاس جا کر حوصلہ افزائی کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔امریکا کے شہر ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں مصر اور آسٹریلیا کے درمیان مقررہ وقت اور اضافی وقت کے بعد مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا۔محمد صلاح نے مصر کی جانب سے تیسری پنالٹی انتہائی اعتماد کے ساتھ پنینکا انداز میں گول اسکور کیا۔ بعد ازاں آسٹریلیا کے ہیری ساٹر اور لوکاس ہیرنگٹن اپنی اہم پنالٹیز ضائع کر بیٹھے، جبکہ حسام عبدالمجید نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے مصر کو ایونٹ کے آخری 16 مرحلے میں پہنچا دیا۔جیسے ہی مصر نے کامیابی حاصل کی، تمام مصری کھلاڑی جشن منانے کے لیے میدان میں دوڑ پڑے۔ تاہم، محمد صلاح نے جشن میں شامل ہونے کے بجائے شکست سے دلبرداشتہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کے پاس جا کر ان سے مصافحہ کیا اور بعض کو گلے لگا کر حوصلہ دیا۔




