لاہور ( بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈائون ،پنجاب بھر میں 256صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، خلاف ورزیوں پر 15یونٹس سیل کر دیے گئے۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 بھٹے مسمار، 6سیل اور 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔پلاسٹک آلودگی کے خلاف کریک ڈائو ن کے دوران 221کلوگرام غیر معیاری پلاسٹک ضبط جبکہ 38 نوٹس جاری کیے گئے۔ دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کے لیے 92 باربی کیو پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 59 پر سکشن ہڈز نصب کرائے گئے۔اڑتی دھول کی روک تھام کے لیے 18 مقامات کا معائنہ کیا گیا جبکہ خلاف ورزی پر ایک مقام سیل کر دیا گیا۔ آلودگی پھیلانے والوں کی نشاندہی کے لیے ڈرون، نائٹ اور ہاک آئی اسکواڈز بھی متحرک ہیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسان فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، شہری کارپولنگ اختیار کریں، گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں اور کوڑے کو آگ لگانے سے گریز کریں۔




