آن لائن 1 لیٹر دودھ منگوانے پر خاتون18لاکھ سے محروم

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) ممبئی میں ایک بزرگ خاتون صرف ایک لیٹر دودھ آن لائن منگوانے پر اپنی زندگی کی جمع پونجی 18لاکھ بھارتی روپے سے محروم ہوگئی۔بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ممبئی کے علاقے واڈالا کی رہائشی 71سالہ خاتون کو ایک شخص نے فون کیا جس نے خود کو ایک ڈیری کمپنی کا ملازم ظاہر کیا۔مذکورہ شخص نے خاتون کو ایک لنک بھیجا اور کہا کہ آرڈر مکمل کرنے کے لیے ذاتی اور بینک کی تفصیلات درج کریں، ملزم ایک گھنٹے سے زائد وقت تک فون پر رابطے میں رہا اور انہیں مرحلہ وار ہدایات دیتا رہا۔تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ اگلے روز بھی ملزم نے دوبارہ فون کر کے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی، چند دن بعد جب متاثرہ خاتون معمول کے مطابق اپنے بینک گئیں تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکائونٹ سے بھاری رقم نکالی جاچکی ہے۔پولیس کے مطابق خاتون کی شکایت کے بعد مزید چھان بین سے پتا چلا کہ خاتون کے دو دیگر بینک اکائونٹس بھی خالی ہوچکے ہیں اور وہ اپنی تمام جمع پونجی سے محروم ہوچکی ہیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق فراڈ کرنے والے نے بھیجے گئے لنک کے ذریعے خاتون کے فون کا ریموٹ کنٹرول حاصل کر لیا، جس کے نتیجے میں اسے بینکنگ ایپس تک بھی رسائی مل گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے سرکاری طور پر شکایت درج کرا دی ہے جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے جو تاحال مفرور ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں