فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اخوت فائونڈیشن کے چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد اور چوہدری اسلم جاوید کی قیادت میں اخوت فانڈیشن کے وفد نے ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر عارف احسان ملک سے ملاقات کی اور انہیں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے’ وفد نے ‘چوہدری محمد اسلم جاوید نے اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی کتاب اخوت کا سفر پیش کی اور ڈاکٹر خالد محمود شوق نے میجر ریٹائرڈ شاہ نواز الحسن کی آپ بیتی اسیری سے امیری تک کا تحفہ پیش کیا ‘ اس موقع پر اخوت فائونڈیشن کے چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد نے نیشنل گروپ کے قائدین میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال کو زبردست الفاظ میں خرج تحسین پیش کیا جن کی ولولہ انگیز قیادت میں نیشنل گروپ نے FCCI کے الیکشن میں کلین سویپ کیا’ انہوں نے کہا کہ اس وقت نوجوان قیادت نے چیمبر آف کامرس کی قیادت سنبھالی ہے ہم ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ نئی قیادت چیمبر آف کامرس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کرے گی اور اپنے قائدین کی امنگوں کے مطابق چیمبر کا نام پورے پاکستان میں روشن کرے گی’ اس موقع پر FCCI کے نومنتخب صدر عارف احسان ملک نے اخوت فائونڈیشن کے وفد کی آمدکا شکریہ ادا کیا ان کا پرتپاک استقبال کیا’ انہوں نے کہا کہ اپنے ایک سالہ ٹنور میں میری کوشش ہو گی کہ چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم سے تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کو حل کروائوں’ میں اور میری ٹیم بزنس کمیونٹی اور حکومت کے درمیان پل کا کام کرے گی اور ہم اپنے مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچائیں گے اور انہیں حل کروائیں گے’ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں’ یقینا کو انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے عظیم کام سرانجام دے رہے ہیں’ اخوت فائونڈیشن نے ضرورت مندوں’ مجبور’ بے کس اور مستحق افراد ریلیف پہنچانے کیلئے قرض حسنہ سکیم شروع کی ہوئی ہے یقینا یہ ایک عظیم کام ہے’ میری دعا ہے کہ ان کا یہ نیک فعل ان کی مغفرت کا باعث بن جائے’ ہمارا ہرممکن تعاون آپ کے ساتھ ہے’ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرامجد ثاقب نے اخوت کے نام سے جو شمع روشن کی تھی وہ پوری آب و تاب سے پورے پاکستان میں روشنی پھیلا رہی ہے’ جو پودا انہوں نے لگایا تھا وہ تناآور درخت بن کر اللہ کے بندوں کیلئے چھائوں دے رہا ہے’ عارف احسان ملک نے کہا کہ اخوت فائونڈیشن کیلئے ہم ہروقت حاضر ہیں اور ہم سے جس قسم کی خدمت کی ضرورت محسوس کریں گے ہم انہیں مہیا کریں گے۔




