خیبر (نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیو کا کیس سامنے آ گیا جس کے بعد ملک میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 6ہو گئی ہے۔رواں سال 6کیسز میں سے بنوں سے 3، شمالی وزیرستان ، خیبر اور سندھ کے علاقے سجاول سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اس سال چار بڑی پولیو مہمات میں 4 کروڑ 50لاکھ سے زائد بچوں کو متعدد بار ویکسین پلائی گئی۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے مطابق خیبر کی تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے کے 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔این ای او سی کے مطابق رواں سال رپورٹ ہونے والے 6 پولیو کیسز میں سے 5 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ خیبر، پشاور اور جنوبی خیبر پختونخوا کو پولیو کے حوالے سے ہائی رسک علاقے قرار دیا گیا ہے۔نئے پولیو کیس کی رپورٹ کے بعد ضلع خیبر میں ویکسینیشن کا عمل مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہائی رسک علاقوں میں بچوں کو زبانی اور انجیکشن کے ذریعے پولیو ویکسین پلانے اور لگانے کی مہم کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔این ای او سی حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے وہ اپنے بچوں کو ویکسین کی تمام تجویز کردہ خوراکیں لازمی دلوائیں۔2025 میں پاکستان میں پولیو وائرس کے مجموعی طور پر 31 کیسز رپورٹ ہوئے۔




