فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے فیصل آباد سرکل نے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر/ایجنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم مظہر عباس ولد غلام محمد کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ریڈ بک کے سیریل نمبر 88پر مطلوب تھا اور اسے گزشتہ روزگرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف مقدمات نمبر 293/16اور 294/16امیگریشن آرڈیننس 1979کی دفعات 17/22کے تحت درج ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے بیرونِ ملک ملازمت اور دبئی کا ورک ویزا دلوانے کے نام پر شکایت کنندگان سے مجموعی طور پر 5لاکھ 40ہزار روپے وصول کیے، تاہم مبینہ طور پر نہ ویزا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔




