اخوت فاؤنڈیشن کی مستحق افراد کیلئے قرض حسنہ سکیم عظیم کام ہے،حافظہ عظمت فردوس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس نے کہا ہے کہ اخوت فائونڈیشن نے ضرورت مندوں’ مجبور’ بے کس اور مستحق افراد ریلیف پہنچانے کیلئے قرض حسنہ سکیم شروع کی ہوئی ہے یقینا یہ ایک عظیم کام ہے’ میری دعا ہے کہ ان کا یہ نیک فعل ان کی مغفرت کا باعث بن جائے’ ہمارا ہرممکن تعاون آپ کے ساتھ ہے’ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل بازار جھنگ روڈ کی مسجد میں 100 خاندانوں میں 50 لاکھ روپے کی رقم کی تقسیم کے موقع پر تقریب کے شرکاء سے کیا’ اس موقع پر اخوت کے چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد’ ڈاکٹر خالد شوق’ ڈویژنل انچارج چوہدری خالد محمود’ ممبران سٹیئرنگ کمیٹی چوہدری اسلم جاوید’ ڈاکٹر یٰسین رندھاوا اور علاقہ سپروائزر ذوالفقار علی بھی موجود تھے’ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ہم اپنی بہترین سروسز دے رہے ہیں ‘ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرامجد ثاقب نے اخوت کے نام سے جو شمع روشن کی تھی وہ پوری آب و تاب سے پورے پاکستان میں روشنی پھیلا رہی ہے’ جو پودا انہوں نے لگایا تھا وہ تناآور درخت بن کر اللہ کے بندوں کیلئے چھائوں دے رہا ہے’ اخوت قرض حسنہ کا سب سے بڑا ادارہ بن گیا ہے’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اخوت کے چیف کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد نے کہا کہ اخوت فائونڈیشن کی قرض کی سکیم بنیادی طور پر غریبوں کو بلاسود قرضے فراہم کرنے پر مرکوز ہے’ جس کا مقصد کاروباری اور مالی آزادی کو فروغ دینا ہے’ اس اقدام نے ہزاروں خاندانوں اور افراد کو بلند شرح سود کا بوجھ ڈالے بغیر مالی امداد فراہم کر کے ان کی مدد کی ہے’ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے طول و عرض کے 60 لاکھ گھرانوں تک اخوت کی شمع جل رہی ہے’ اللہ تعالیٰ کی عطا سے چند سکے اللہ کے بندوں پر خرچ کریں پھر دیکھیں آپ کے دل کو کتنا سکون اور راحت میسر آتی ہے’ انہوں نے قرض حسنہ لینے والوں سے کہا کہ آپ نے جو رقم لی ہے اس سے ایسا کاروبار شروع کریں جس سے آپ اپنی فیملی کیلئے آسانیاں پیدا کر سکیں’ انہوں نے امید کا اظہار کیا آج جو رقم آپ قرض حسنہ کیلئے لے رہے ہیں وہ آپ پوری ایمانداری سے واپس کریں گے تاکہ اخوت فائونڈیشن اور زیادہ مستحق لوگوں تک یہ رقم پہنچا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں