فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن رائو عبدالکریم کی زیر صدارت تدریسی اور منسٹریل سٹاف کی ترقیوں کے حوالے سے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اساتذہ اور دفتری عملے کی مختلف آسامیوں پر ترقیوں کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن چوہدری علی احمد سیان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد وسیم ساجد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری محمد ذاکر، ڈاکٹر عذرا نسرین سید اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے نمائندہ شیخ ندیم شاہد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسکیل 14 سے 15 میں پی ایس ٹی میل (سائنس/میتھ) سے ای ایس ٹی سائنس/میتھ، پی ایس ٹی آرٹس سے ای ایس ٹی جنرل آرٹس، عربی اور ایم سی کیڈر میں ترقیوں کے کیسز زیر غور آئے۔ اسی طرح منسٹریل سٹاف میں سٹینو گرافر (BS-15) سے سینئر سکیل سٹینو گرافر (BS-16)، سینئر کلرک (BS-14) سے اسسٹنٹ/ہیڈ کلرک (BS-16) اور جونیئر کلرک (BS-11) سے سینئر کلرک (BS-14) کی ترقی کے کیسز کا بھی جائزہ لے کر متعلقہ کارروائی مکمل کی گئی۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن را عبدالکریم نے کہا کہ اساتذہ اور منسٹریل سٹاف کی ترقیوں کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے اے سی آرز/پی ای آرز، تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت، سروس سنیارٹی اور محکمانہ قوانین و ضوابط کو مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ اور دیگر ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ تعلیمی معیار کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکے۔




