جڑانوالہ(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ ضیا اللہ گوندل نے تاریخی گائوں گنگا پور کا تفصیلی دورہ کیا،جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام، بنیادی سہولیات اور تاریخی مقاما ت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران و عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔اسسٹنٹ کمشنر نے گنگاپور کے مختلف گلی محلوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے گھنٹہ گھر کا بھی دورہ کیا اور اس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ گھنٹہ گھر کی بہتری، تزئین و بحالی اور مناسب دیکھ بھال کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔دورے کے دوران گلی محلوں میں قائم گٹروں، نکاسی آب کے مسائل اور دیگر تجاوزات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عوامی راستوں اور گلیوں میں موجود رکاوٹوں اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے بھی اقدامات پر غور کیا گیا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے اور صفائی و نکاسی آب کا نظام مزید بہتر بنایا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر نے تاریخی گھوڑا ٹرین کا بھی معائنہ کیا اور اس کی موجودہ خستہ حالی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گھوڑا ٹرین کی حالت اور تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کرنے کی ہدایت کی، تاکہ اس تاریخی ورثے کی بہتری اور بحالی کے حوالے سے آئندہ اقدامات کیے جا سکیں۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر ضیا اللہ گوندل نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گنگاپور کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سکول میں صفائی، تعلیمی ماحول، دستیاب سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔سکول کے بہترین انتظامات اور مجموعی کارکردگی پر ہیڈ مسٹریس کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے طالبات سے سکول میں دستیاب سہولیات، تعلیمی ماحول اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ طالبات سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے مختلف سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔ سکول کے انتظامات اور صفائی کی صورتحال دیکھ کر اسسٹنٹ کمشنر نے اطمینان کا اظہارکیااسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے بعدازاں بچیانہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ مختلف مقامات پر صفائی کی صورتحال اور عوامی سہولیات کو چیک کیا گیا جبکہ متعلقہ عملے کو انتظامات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر ضیا اللہ گوندل کے دورہ گنگاپور اور بچیانہ کے دوران تاریخی ورثے کے تحفظ، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے اور تعلیمی اداروں میں بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دورے کا مقصد مقامی سطح پر انتظامی معاملات کو بہتر بنانا اور شہریوں کو دستیاب سہولیات کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔




