اغوا اور قتل کے مقدمہ میں ملوث SHOکی گرفتاری و معطلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے مبینہ طور پر اغوا اور قتل کے مقدمہ میں ملوث ہونے پر ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو معطل کر دیا۔ سی سی ڈی قصور نے مذکورہ تھانیدار کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر سے حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او ذیشان خالد رندھاوا کے خلاف قصور کے تھانہ میں مقدمہ نمبری 25/40 بجرم 302/365 میں ملزمان مطلوب ولد فضل دین’ تیمور ولد مطلوب وغیرہ 20کس نے 15جنوری 2025ء کو غلام رسول ولد نیاز کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا اس مقدمہ میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن ذیشان خالد رندھاوا کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ مقدمہ کی تفتیش سی سی ڈی قصور کو ملی تو سی سی ڈی قصور نے پولیس افسران واہلکاروں کی مدد سے گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں شہادت کیلئے آنے والے ایس ایچ او ذیشان خالد رندھاوا کو عدالت سے نکلتے ہی حراست میں لے کر قصور روانہ ہو گئے۔ تاہم سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے مذکورہ ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو معطل کر کے ایس ایس پی آپریشن بشریٰ جمیل کو انکوائری کا حکم دے دیا۔ تاہم پولیس لائن سے علی اکبر کو ایس ایچ او تھانہ سول لائن تعینات کر دیا، جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں