اسلام آباد (بیوروچیف)وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغانستان میں جن ٹھکانوں سے حملے ہوں گے اس کا جواب دیں گے۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں جہاں سے حملے ہورے ہیں ہمارا حق بنتا ہے کہ اس کا جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان، ہندوستان کے ہاتھ میں کھیل رہے ہیں، طالبان کو ہدایت دہلی سے آتی ہیں جب تک انہیں ہندوستان ہاں نہیں کرے گا وہ کسی چیز میں حامی نہیں بھریں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ افغان طالبان سے کہا لکھ کر دیں آپ کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی لیکن تین بار ان ملا انہوں نے میرے سامنے لکھ کر دینے سے انکار کردیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ افغان طالبان نے زبانی کلامی بات کی لیکن لکھ کر دینے کے لیے تیار نہیں۔صحافی نے جب 28ویں ترمیم کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ایک چیز ہے ہی نہیں تو بار بار کیوں پوچھ رہے ہیں۔




