فیصل آباد( سٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ، صدر پبلک ایڈکمیٹی میاںانوارالحق ایڈووکیٹ نے الائیڈ ہسپتال میں ڈویژن کی اکلوتی ایم آر آئی مشین کی خرابی پر شدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مشین کی خرابی کی وجہ سے سینکڑوں ٹیسٹ التوا کا شکار ہوچکے ہیں۔ ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی نااہلی کے باعث مریض نجی لیبارٹریز سے ایم آر آئی ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں۔ فیصل آباد ڈویژن میں صرف ایک ہی سرکاری ایم آر آئی مشین الائیڈ ہسپتال میں موجود ہے، جو فیصل آباد کے علاوہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں کے مریضوں کیلئے واحد سہارا ہے۔ انہوںنے کہا کہ روزانہ تقریباً 150 مریضوں کا ایم آر آئی سکین اسی مشین کے ذریعے کیا جاتا ہے، جو گزشتہ کئی روز سے بند پڑی ہے۔ مشین کی بندش کے باعث نہ صرف او پی ڈی بلکہ داخل مریضوں کو بھی بروقت تشخیص کی سہولت میسر نہیں ہو رہی۔ انہوںنے کہاکہ پرائیویٹ سینٹرز پر ایک ایم آر آئی ٹیسٹ کی قیمت 18 سے 20 ہزار روپے تک ہے، جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔جماعت اسلامی کے راہنمائوںنے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ فوری طور مزیدمشینوں کا بھی بندوبست کیاجائے کیونکہ اتنے بڑے ڈویژن کے لیے صرف ایک مشین پر انحصار افسوسناک ہے۔




