امتحانی نظام کے تحفظ ،ڈیجیٹل بنکاری کیلئے تعلیمی بورڈ فیصل آباد اورUBLمیں معاہدہ

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) امتحانات کے تحفظ، مالی معاملات میں شفافیت اور جدید ڈیجیٹل بینکاری سہولیات کے فروغ کیلئے بی آئی ایس ای فیصل آباد اور یو بی ایل کے مابین اہم معاہدہ طے پا گیا،حکومت پنجاب کے وژن اور طلبہ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) فیصل آباد اور (UBL) کے درمیان امتحانی نظام کو مزید محفوظ بنانے، مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنانے اور طلبہ و بورڈ ملازمین کو جدید ڈیجیٹل بینکاری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین اور سیکرٹری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے دستخط کیے، جبکہ یو بی ایل کی جانب سے جنرل منیجر ندیم خالد، منیجر محمد صدف اور آپریشنز منیجر ریحان اکبر نے معاہدے کی تکمیل میں نمائندگی کی۔معاہدے کے تحت امتحانات کے دوران سوالیہ پرچوں اور حل شدہ جوابی کاپیوں کی محفوظ تحویل اور حفاظت سے متعلق خدمات یو بی ایل فراہم کرے گا، جس کا مقصد امتحانی مواد کی سکیورٹی، محفوظ ہینڈلنگ اور امتحانی نظام کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔معاہدے میں جدید ڈیجیٹل بینکاری خدمات کی فراہمی کیلئے سروس لیول ایگریمنٹ (SLA) بھی شامل ہے، جس کے تحت QR کوڈ، ای بل اور ویری فکیشن سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان سہولیات سے فیسوں کی وصولی، ادائیگیوں اور تصدیقی عمل کو مزید آسان، محفوظ، شفاف اور موثر بنانے میں مدد ملے گی۔بورڈ ملازمین کو جدید بینکاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ مختلف فنڈز اور مالی ادائیگیوں کی تقسیم کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔بورڈ کے مالی اور بینکاری امور میں جدید سیلف سروس سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مزید برآںانڈیمنٹی بانڈ بھی معاہدے کا حصہ ہے، جس کے ذریعے ای میل یا فیکس کے ذریعے بینکاری ہدایات کی ترسیل کیلئے محفوظ اور قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ طریقہ کار وضع کیا جائے گا، جس سے مالی لین دین کی سکیورٹی مزید مستحکم ہوگی۔اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ بورڈ کے امتحانی اور مالیاتی نظام کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔ امتحانات کی سکیورٹی، مالی معاملات میں شفافیت اور طلبہ و ملازمین کو جدید سہولیات کی فراہمی بورڈ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یو بی ایل کے ساتھ تعاون سے بورڈ کے انتظامی، امتحانی اور مالیاتی نظام میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ ڈیجیٹل بینکاری سہولیات کے ذریعے شفافیت، سکیورٹی اور کارکردگی میں مزید اضافہ ہوگا۔تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری فنانس نوید حسین قریشی، سپرنٹنڈنٹ بجٹ سیکشن لیاقت علی سمیت تعلیمی بورڈ فیصل آباد اور یو بی ایل کے دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں