فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت مشرقِ وسطی اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ پاکستان کے اس کردار کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ ایک غیر جانبدار، متوازن اور عالمی اعتماد رکھنے والا ثالث ملک ہے جو عالمی امن کے فروغ میں اہم شراکت دار ہے۔اپنے بیان میں حافظ محمد امجد نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے درمیان امن معاہدہ، جس کا اعلان وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیا، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے حاصل ہونے والی ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہ کامیابی گزشتہ کئی ماہ کے دوران پاکستان کی قیادت اور حکومت کی مسلسل سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے، جو اس جنگ کے آغاز کے بعد جاری رہیں جس نے خطے اور دنیا کی سلامتی اور معیشت کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔ صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان کی عالمی حیثیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور آج پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔انہوں نے امریکہ اور ایران کی حکومتوں اور قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ خلیجی عرب ممالک کے امن و استحکام کو یقینی بنائیں، عرب اور اسلامی ممالک کی خودمختاری کا احترام کریں، خصوصا ایران کے ہمسایہ ممالک کے خلاف کسی قسم کی جارحیت یا دھمکی سے گریز کریں، اور سمندری گزرگاہوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں کی آمد و رفت میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔ ان کے مطابق یہ جنگ تمام فریقوں کے لیے ایک سخت سبق ثابت ہوئی ہے جس نے یہ واضح کر دیا کہ تنازعات کا حل مذاکرات اور پرامن ذرائع سے، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔حافظ محمد امجد نے کہا کہ پاکستان کے علما اور عوام پاکستانی سفارت کاری کی اس کامیابی کو اپنے ملک کا عظیم کارنامہ سمجھتے ہیں اور اپنی قیادت کی بصیرت پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی انتھک کوششوں کو دیا۔




