مریدکے( نامہ نگار)وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ایران امریکہ کشیدگی ختم نہ ہوئی تو معاشی اثرات مزید بڑھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف اور سپہ سالار عاصم منیر نے دو سال کی جدوجہد سے ملک کو معاشی بھنور سے نکالا۔اپنے آبادی حلقے مریدکے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی نے ہماری دو سالہ محنت کو متاثر کیا، وزیراعظم نے روزانہ کی بنیاد پر کابینہ اجلاس بلا کر مہنگائی کو کنٹرول میں رکھا، حکومتی کوششوں سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو ہمہ وقت یقینی بنایا گیا۔انہوںنے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے کھاد کی قیمتوں میں اضافے کے لیے شدید دبا ئوہے، بھارت میں یوریا 20 ہزار جبکہ پاکستان میں اب بھی 4 ہزار روپے سے زائد میں دستیاب ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے کوشاں ہیں، حکومتی اقدامات کی بدولت کسان کو گندم کی مناسب قیمت مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ برس گندم کی ملکی پیداوار میں مزید اضافے کے لیے پرامید ہیں، دعا ہے ایران امریکہ کشیدگی جلد ختم ہو ورنہ معاشی اثرات مزید بڑھیں گے، مہنگائی کا زیادہ بوجھ حکومت خود اٹھاتی ہے جس سے ترقیاتی پروگرام متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر شعبے کے افراد کے لیے فلاحی منصوبے شروع کر رہی ہے، انتشار پھیلانے والی جماعت کے باعث ملک میں اتحاد اور یکجہتی کی زیادہ ضرورت ہے۔عوام انتشار پسندوں سے بچ کر ملکی اساس کا تحفظ کریں۔




