اسلام آباد (بیوروچیف) موجودہ مشین ریڈایبل پاسپورٹس کی جگہ ای پاسپورٹس کے لازمی اجرا کی تاریخ میں22اکتوبر تک کی توسیع کردی گئی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کو ختم کر کے جدید ترین ای پاسپورٹ پر منتقل ہونے کی تاریخ میں تبدیلی کر دی، اب اس نئے نظام کا آغاز 15 اکتوبر کے بجائے 23 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔پالیسی کے تحت 23 اکتوبر 2026 سے پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک قائم پاکستانی سفارتی مشنز سے نئے پاسپورٹ کے درخواست دہندگان کو صرف اور صرف ای پاسپورٹس ہی جاری کیے جائیں گے۔قبل ازیں ای پاسپورٹس کے لازمی اجرا کے لئے 16 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، نئے مشین ریڈایبل اجرا سمیت ان پاسپورٹس کی تجدید 22 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ امیگریشن حکام نے شہریوں کو واضح کیا ہے کہ 23 اکتوبر سے پہلے جاری شدہ تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک مکمل طور پر کارآمد رہیں گے۔جن شہریوں کے پاس درست ایم آر پی پاسپورٹ موجود ہیں، انہیں میعاد ختم ہونے سے پہلے انہیں تبدیل کرانے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔حکام کے مطابق ای پاسپورٹ سسٹم پر منتقلی کا بنیادی مقصد پاسپورٹ سروسز کو جدید بنانا اور سفری دستاویزات کی حفاظت اور استعداد کار کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔




