ٹیکس نیٹ کا دائرہ کاروسیع کرنے کیلئے کوششیں تیز

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانا ناگزیر ہے، پائیدار معاشی ترقی کا حصول حکومتی ترجیح ہے۔وزارت خرانہ کے زیراہتمام ٹیکس نظام میں اصلاحات سے متعلق ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹیکس کا دائرہ بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کے باعث جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، معاشی اصلاحات سے شرح نمو بہتر ہوئی ہے۔ اصلاحات کے ذریعے سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہیں، پائیدار معاشی ترقی کا حصول حکومتی ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی پائیدار اور برآمدات پر مبنی ہونی چاہیے۔ پاکستان کی معیشت منفی 0.3فیصد شرح نمو سے بہتری کی جانب آئی ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر صرف دو ہفتوں کی درآمدات کیلئے کافی رہ گئے تھے، پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر تین ماہ سے زیادہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں۔ گزشتہ چار برس میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں