نارووال(نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا کی نگاہیں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہیں، اللہ تعالی نے پاکستان کو عزت سے نوازا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسچن کمیونٹی میں ایسٹر کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ جنگ جس کے شعلے پورے خطے کو جھلسانے لگے تھے، وہ جنگ جس نے پوری دنیا کی معیشت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا دنیا میں مہنگائی قہر بن کر ٹوٹنی تھی غربت اور مہنگائی میں پاکستان سمیت پوری دنیا میں اضافہ ہونا تھا وہ جنگ بند کروانے کیلئے اللہ تعالی نے پاکستان کو عزت سے نوازا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، ایران کے وفود امن مذاکرات کرنے کے لئے اسلام آباد میں موجود ہیں ،وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہیں ان کی کامیاب کوششوں سے پاکستان کو جو عزت ملی ہے جس نے ہمارے دوستوں کا سینہ فخر سے چوڑا کر دیا ہے ہمارے ہمسائے ملک جو ہے بارڈر سے ادھر نظر ڈالیں تو دھواں اٹھتا نظر آئے گا ۔وہ اس موقع پر کوئلہ کی طرح جل کر راکھ ہو رہے ہیں وہ نہیں جانتے کہ یہ جنگ نہ رکتی تو ہندوستان کے اندر بھی کروڑوں عوام بھوک غربت بیروزگاری کا شکار ہو جاتے ۔احسن اقبال نے کہا کہ آج جو پاکستان کام کر رہا ہے ہندوستان کو حسد کرنے کی بجائے پاکستان کا شکر گزار ہونا چاہیے پاکستان نے دنیا کو بھی تباہ ہونے سے بچا لیا اور ہندوستان کو بھی بچا لیا ہے اللہ تعالی مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں پاکستان کو عزت سے نواز رہا ہے۔




