کراچی(سپورٹس نیوز) پاکستان کے سابق کرکٹرز اور کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا معیار بہتر بنانے، ریڈ بال کرکٹ کو فروغ دینے، ڈومیسٹک نظام میں اصلاحات، شفاف سلیکشن اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو مواقع دینے پر زور دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ کی بین الاقوامی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی اور ماضی میں کیے گئے فیصلوں کے تناظر میں ایک خصوصی نشریات ہوئی۔ پروگرام میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک سمیت سابق کپتانوں، پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کے نمائندوں سمیت سابق چیئر مین کرکٹ بورڈ کو شامل گفتگو کیا گیا ۔پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کے مسائل سے لے کر پاکستان فاسٹ بولنگ کی تنزلی کے سفر اور پاکستان کرکٹ کی بین الاقوامی سطح پر حالیہ پرفارمنس پر گفتگو کیساتھ پروگرام کے شرکا سابق چیئر مین خالد محمود، سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید، ڈائریکڑ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سربراہ ندیم عمر نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل اور بہتری کے حوالے سے پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس حوالے سے سابق ٹیسٹ کپتان محمدحفیظ نے پروگرام میں دوٹوک موقف اختیار کیا کہ اس پروگرام میں پاکستان کرکٹ کے بڑے اور اہم افراد کی موجودگی اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستان کرکٹ میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے، بالخصوص ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔سابق لیجنڈری بیٹر یونس کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ پر اس وقت تنقید کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہمارے ڈریسنگ روم میں رول ماڈل نہیں ہیں۔




