کراچی (شوبز نیوز)پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صائمہ نور اپنی تازہ فٹنس ٹرانسفارمیشن کے باعث ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ 58 سالہ اداکارہ کی نئی ویڈیوز اور تصاویر دیکھ کر مداح ان کی جسمانی فٹنس، توانائی اور جوان نظر آنے والی شخصیت کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف ویڈیوز میں صائمہ نور کو جم میں اسکواٹس، کیٹل بیل سوئنگز اور دیگر نسبتا مشکل ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی پھرتی اور اسٹیمنا نے صارفین کو حیران کر دیا ہے، جبکہ کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی نوجوان اداکارائوں کو ٹف ٹائم دے سکتی ہیں۔اداکارہ کی ایک بیوٹی سیلون آمد کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی ہیں، جن میں ان کے وزن میں نمایاں کمی واضح دکھائی دیتی ہے۔ نئی جھلکیاں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی فٹنس ٹرانسفارمیشن موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔صارفین کی بڑی تعداد نے صائمہ نور کو ایور گرین قرار دیتے ہوئے ان کے نظم و ضبط اور خود پر توجہ دینے کی عادت کو سراہا، جبکہ بعض افراد نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ان کی ویڈیوز اتنی غیر معمولی لگ رہی ہیں جیسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کی گئی ہوں۔




