لاہور (شوبز نیوز) پاکستانی معروف اداکار و ہدایت کار یاسر نواز نے والد اور بچوں کے تعلق پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ باپ کا اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ اور خوش گوار تعلق ہونے کے ساتھ ساتھ رعب اور احترام بھی ہونا ضروری ہے۔اداکارہ و میزبان ندا یاسر اور اداکار و ہدایت کار یاسر نواز نے والدین اور بچوں کے درمیان تعلقات کی نوعیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔اپنے حالیہ پروگرام میں ندا یاسر نے منفرد موضوع پر گفتگو کے لیے اپنے شوہر یاسر نواز اور بیٹے بالاج کو مدعو کیا، جہاں خاندان نے والدین اور بچوں کے تعلقات سے متعلق مختلف پہلوں پر بات کی۔یاسر نواز نے کہا کہ بعض لوگ اپنے بچوں کے ساتھ بہت سخت رویہ اختیار کرتے ہیں، میرے ایک کزن انس گھر میں انتہائی سخت مزاج ہیں، ایک مرتبہ میں ان کے گھر گیا تو سب لوگ ان کی آمد سے پہلے ہی خوفزدہ تھے اور کہہ رہے تھے، ابو آ رہے ہیں، جیسے کوئی جلاد آ رہا ہو۔




