بجلی اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لیا جائے

کمالیہ(نامہ نگار)سرپرستِ اعلی کمالیہ تاجر اتحاد چوہدری کامران احمد نصرت نے اپنے بیان میں حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور اشیائے خوردونوش کے ہوشربا نرخوں تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں گزشتہ رات اچانک بجلی کی قیمت میں مزید دو روپے فی یونٹ اضافہ عوام پر ایک اور معاشی بم گرانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے لیے شاید دو روپے معمولی رقم ہو، لیکن غریب اور متوسط طبقے کے لیے بجلی کے ہر اضافی یونٹ کا بوجھ گھر کا بجٹ درہم برہم کر دیتا ہے ۔ ایک طرف مہنگی بجلی کے بھاری بل عوام کی کمر توڑ رہے ہیں اور دوسری جانب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے سمال انڈسٹری، تاجروں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرنے کے بجائے مسلسل ایسے فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے جن کا براہِ راست بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے ۔ عوام مہنگائی اور بجلی کے بحران سے بے حال ہو چکی ہے ، جبکہ حکومتی عہدیداروں کی جانب سے عوامی مشکلات کے مستقل حل کے بجائے محض بیانات تک محدود رہنا انتہائی افسوسناک ہے ۔ چوہدری کامران احمد نصرت نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں