فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے آرٹس کونسل فیصل آباد کا دورہ کیا۔ڈویژنل ڈائریکٹر آرٹس کونسل فیصل آباد محمد عمران رضا اور دیگر افسران وسٹاف ممبران موجود تھے۔ شازیہ رضوان نے آرٹس کونسل فیصل آباد کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیااور ادارے کی جانب سے فنونِ لطیفہ، ثقافتی سرگرمیوں اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے جاری اقدامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ڈویژنل ڈائریکٹر نے پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کو آرٹس کونسل کی کارکردگی، جاری ثقافتی پروگرامز، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک رضوان افسر بھی موجود تھے۔شازیہ رضوان نے آرٹس کونسل فیصل آباد کی ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت فنونِ لطیفہ، ثقافت اور ادب کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ فنکاروں اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہتر مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسلز ہماری ثقافتی شناخت کے فروغ اور نئی نسل کو اپنے فن و ثقافت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں ثقافتی سرگرمیوں کو مزید فعال اور موثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔پارلیمانی سیکرٹری نے آرٹس کونسل فیصل آباد کے افسران و عملے کی کاوشوں کو بھی سراہا اور ثقافتی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔




