بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کمالیہ کے شہریوں کو مشکلات

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں بدترین لوڈشیڈنگ ، شہری شدید پریشان، راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور کمالیہ شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے ۔ رات کے اوقات میں مسلسل چار سے پانچ گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث شہری، بالخصوص خواتین، بچے اور بزرگ شدید اذیت کا شکار ہیں اور کئی خاندان راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور حبس کے دوران طویل لوڈشیڈنگ نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ بجلی کی بندش کے باعث گھروں میں زیرِ علاج مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش اگر ضروری ہے تو کم از کم اس کا واضح، باقاعدہ اور پیشگی شیڈول جاری کیا جائے تاکہ شہری اپنے معمولات کو اس کے مطابق ترتیب دے سکیں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے اوقا ت میں لوڈشیڈنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے ۔اور بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل یقینی بنایا جائے ۔ عوام نے اعلی حکام سے فوری نوٹس لے کر کمالیہ میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں